اقوام متحدہ کا پاکستان، بھارت میں سیلاب سے تباہ کاری پر دکھ کا اظہار، مدد کیلئے تیار

Published On 18 August,2025 10:21 am

نیویارک: (دنیا نیوز) اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان اور بھارت میں تباہ کن سیلابوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مدد کی درخواست کی گئی تو اقوامِ متحدہ تیار ہے۔

ترجمان اسٹیفن دوجارک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکرٹری جنرل نے متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور اس سانحے سے متاثرہ افراد کے ساتھ اظہارِ یکجہتی بھی کرتے ہوئے کہا کہ اگر درخواست کی گئی تو ہم مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔

پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا میں صرف 2 دن کی شدید بارشوں کے بعد کم از کم 323 افراد جاں بحق ہوچکے، جب کہ ملک بھر میں اموات کی تعداد بڑھ کر 657 تک پہنچ گئی ہے۔

یاد رہے کہ 2022 میں اقوامِ متحدہ کے سربراہ نے پاکستان کا دورہ کیا تھا تاکہ سندھ اور بلوچستان سمیت ان علاقوں کا جائزہ لے سکیں جو شدید تباہ کن سیلاب سے متاثر ہوئے تھے۔

پوپ لیو کی متاثرین کیلئے دعائیں

ادھر کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ لیو چہار دہم نے بھی متاثرین کے لیے دعائیں کی ہیں اور کہا کہ اس آفت کی وجہ سے جو لوگ تکالیف کا شکار ہیں، ان کے لیے دعا گو ہوں۔

پوپ لیو نے پاکستان، بھارت اور نیپال کے ان عوام کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا جو شدید بارشوں اور سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ متاثرین اور ان کے اہل خانہ، اور ان سب کے لیے جو اس آفت کی وجہ سے تکلیف میں ہیں، دعا گو ہیں۔