لندن: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ابھی 26 ویں ترمیم ہضم کر رہے ہیں، 27 ویں کی ضرورت نہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، ون ونڈو پاسپورٹ پروسیسنگ سسٹم کا افتتاح کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسحاق ڈار سے برطانیہ کے پارلیمانی انڈر سیکرٹری کی ملاقات، دو طرفہ تعلقات پر گفتگو
اسحاق ڈار نے کہا کہ اوورسیزپاکستانیوں کے پاسپورٹ کے حوالے سے مسائل حل ہوں گے، انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ پاکستان کے تعلقات مزید بہتر ہوگئے ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے، اگر کوئی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے گا تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے، ہمسایہ ملکوں کے ساتھ پُرامن تعلقات چاہتے ہیں۔
پاکستان ہائی کمیشن لندن میں لینڈ ریکارڈ سروسز کا افتتاح
ڈپٹی وزیراعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار نے پاکستان ہائی کمیشن لندن میں لینڈ ریکارڈ سروسز کا افتتاح کر دیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ سروسز وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے حکم پر ابتدائی طور پر پنجاب سے شروع کی جا رہی ہیں، باقی صوبے اس پر عمل کرتے ہوئے اپنے عوام کو ریلیف دیں۔