مظفرآباد: (دنیا نیوز) آزاد جموں و کشمیر میں مون سون بارشوں سے اب تک 23 افراد جاں بحق اور 28 زخمی ہو چکے ہیں۔
ایس ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق مون سون بارشوں کے نتیجے میں 167 گھر مکمل تباہ ہوئے، 635 گھروں کو جزوی نقصان ہوا ہے ، 49 دکانیں تباہ ہو گئیں جبکہ 212 مویشی ہلاک ہوئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 11 پن چکیاں بھی دریا برد ہو گئیں، وادی نیلم اور جہلم ویلی سمیت متعدد علاقوں میں 25 رابطہ پل ندی نالوں میں بہہ گے، سیلابی ریلوں کی وجہ سے آزادکشمیر میں مجموعی 50.5 کلو میٹر سڑکیں تباہ ہوئی ہیں۔
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ندی نالوں اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے 4 سکول بھی تباہ ہو گئے، 40 نہریں، 59 واٹر سپلائی سکیموں اور 14 گاڑیوں کو بھی بارشوں کی وجہ سے نقصان پہنچا ہے۔
ایس ڈی ایم اے کے مطابق وادی نیلم میں 10 پل، 2 ہائیڈل پاور، 40 نہری منصوبے بھی ندی نالوں میں شدید طغیانی سے تباہ ہوئے۔