پشاور: (دنیا نیوز) صوبے میں ایمرجنسی کی صورتحال میں سیلاب متاثرین کی سہولت کے لیے صوبائی حکومت کا اہم اقدام، متاثرین کو نقصانات کے معاوضوں کی آن لائن ادائیگی کے لئے خصوصی ایپ کا اجرا کر دیا۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم کا باضابطہ اجرا کیا، ڈیجیٹل ڈیزاسٹر کمپنسیشن مینجمنٹ کے نام سے ایپ کو خیبر پختونخوا آئی ٹی بورڈ نے ہنگامی طور پر تیار کیا ہے۔
اس سسٹم کو صوبائی حکومت کے مرکزی سروس ڈلیوری ایپ دستک کے ساتھ منسلک کر دیا گیا ہے، ایپ کے ذریعے سیلاب متاثرین کو ان کی تباہ شدہ املاک کے معاوضے براہ راست اور آن لائن ادا کئے جائیں گے۔
اس آن لائن سسٹم کے ذریعے متاثرین اپنی املاک کے نقصانات کی تفصیلات خود بھی اپ لوڈ کر کے معاوضہ کلیم کر سکیں گے، یہ ایپ مکمل شفاف اور خود کار میکنزم پر مشتمل ہے جس سے متاثرین کو بروقت اور شفاف طریقے سے معاوضے کی فراہمی ممکن ہو گی۔
وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی گئی کہ جیو ٹیگنگ کی سہولت کی وجہ سے غلط معلومات کی فراہمی یا کلیم ممکن نہیں ہو گا، ایپ کے ذریعے نقصانات اور معاوضوں کی ویری فکیشن بھی خودکار طریقے سے کی جائے گی۔
بریفنگ دی گئی کہ یہ ایک مکمل طور پر پیپر لیس اور کیش لیس سسٹم ہے جس کے تحت معاوضوں کی آن لائن ادائیگی کی جائے گی، وزیر اعلیٰ اور چیف سیکرٹری کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام کے لیے ڈیش بورڈ پر نقصانات اور معاوضوں کی ادائیگی کی مکمل تفصیلات دستیاب ہوں گی۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ سیلاب زدگان کو معاوضوں کی براہ راست ادائیگی کے لئے ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم کا اجرا ایک اہم اقدام ہے، مختصر وقت میں یہ ایپ تیار کرنے پر متعلقہ حکام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف متاثرین کو معاوضوں کی بروقت ادائیگی ممکن ہوگی بلکہ اس پورے عمل میں شفافیت بھی یقینی ہوگی، متاثرین کو بروقت ریلیف اور سہولیات کی فراہمی صوبائی حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔