پشاور: (دنیا نیوز) پی ڈی ایم اے نے بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث صوبہ کے مختلف اضلاع میں اب تک ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا میں بارشوں، فلش فلڈ کے باعث مختلف حادثات میں اب تک 325 افراد جاں بحق، 156 زخمی ہوئے، جاں بحق افراد میں 274 مرد، 30 خواتین اور 21 بچے شامل جبکہ زخمیوں میں 123 مرد، 23 خواتین اور 10 بچے شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث 339 گھروں کو نقصان پہنچا، سیلاب کے باعث 233 گھروں کو جزوی اور 106 گھر مکمل منہدم ہوئے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق سیلاب سے زیادہ متاثرہ ضلع بونیر میں اب تک مجموعی طور پر 217 افراد جاں بحق ہوئے، یہ حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع سوات، بونیر ، باجوڑ، مانسہرہ، شانگلہ، دیر لویر اور بٹگرام میں پیش آئے۔
رپورٹ میں 17 سے 19 اگست کے دوران شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، کے پی میں بارشوں کا موجودہ سلسلہ 21 اگست تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق متاثرہ اضلاع کو 89 ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان کی فراہمی مکمل ہو گئی، امدادی سامان میں ٹنٹس، میٹریس، بسترے، کچن سیٹس، ترپال، چٹائیاں، مچھر دانیاں، جنریٹرز اور دیگر روزمرہ زندگی کی اشیاء شامل ہیں۔