عوام الیکشن میں شیر کی جیت کیلئے کمربستہ ہو جائیں: خواجہ سعد رفیق

Published On 23 August,2025 10:27 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سابق وفاقی وزیر و سینئر رہنما مسلم لیگ ن خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عوام الیکشن میں شیر کی جیت کیلئے کمربستہ ہو جائیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ آج حافظ نعمان کے انتخابات کے حوالے سے جتنے لوگ ہال کے اندر ہیں ان سے زیادہ ہی باہر موجود ہیں، حافظ نعمان سے میرا تعلق نیا نہیں، کچھ عرصہ قبل میں اور یہ کیمپ جیل میں اکٹھے تھے۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ثاقب نثار اور گٹھ جوڑ نے جب 2018 کے الیکشن کو چرایا تب حافظ نعمان اور ان کا خاندان لڑکھڑایا نہیں، میاں نوازشریف اور شہباز شریف نے ایک بہترین شخص کو منتخب کرکے آپ کے پاس بھیجا ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ جب ہمیں ہی ڈی ایم کے دور میں یہ حکومت چلانی پڑی تو ماضی کا گند سر پر اٹھانا پڑا، کسی کو بھولنے نہیں دیں گے کہ پاکستان دیوالیہ کے قریب تھا، ازلی دشمن گھات لگائے بیٹھا تھا۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پاکستان آنے کے لئے تیار نہیں تھا، کوئی ملک آئی ایم ایف کے بغیر مدد کے لئے تیار نہیں تھا، ہمیں آئی ایم ایف کے پاس جانے کا شوق نہیں تھا۔

خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ نوازشریف اور شہباز شریف نے آئی ایم ایف کو خیر آباد کہہ دیا تھا، آئی ایم ایف کو پاکستان میں خان لے کر آئے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ آج دوبارہ دہشت گردوں کو پاکستان لا کر کس نے بسایا، انہوں نے پارلیمان اور دیگر پر حملے کیے، پھر کہتے ہیں کہ جمہوریت نہیں ہے، انہوں نے جمہوریت کو دفن کیا ہے، یہ جو جمہوریت ڈھونڈتے ہیں اسے واپس آتے ہوئے وقت لگے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ الیکشن کمیشن سب کے لئے ہے، سب کے ہوتے یہ کہہ رہا ہوں کہ کسی کو انتقام کا نشانہ نہیں بنایا جائے گا، کھلی الیکشن کیمپین کرو سب کرو لیکن الیکشن کے نتائج بھی تسلیم کرو۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ لاہور والو! لاہور سے باہر نکل کر دیکھو، دوسرے صوبوں میں جا کر دیکھو خود ہی پتہ چل جائے گا، آپ کی تیسری ٹرم ہے، کیا کیا آپ نے؟ ایک کڈنی کا ہسپتال، کوئی ایک منصوبہ بتاؤ، ساڑھے تین ڈیموں کا نام بتا دو ہم آپ کو مان جائیں گے۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ ایک ٹولا ہمیں آپس میں لڑانا چاہتا ہے، ہم کہنا چاہتے ہیں کہ ہمارا پیغام محبت کا پیغام ہے، دوسرے صوبوں سے لوگ آ کر یہاں کاروبار کرتے ہیں ہم خوش ہوتے ہیں، پنجاب میں اپنا پانی کم ہے، اگر ڈیم بن جاتا تو بجلی سستی ہوتی۔