اسلام آباد: (ویب ڈیسک): وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اورنگزیب خان کھچّی نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔
وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچّی نے ان خیالات کا اظہار ادارہ فروغ قومی زبان اسلام آباد اور انسٹی ٹیوٹ فار کمیونٹی ود شیئرڈ فیوچر، کمیونیکیشن یونیورسٹی آف چائنا بیجنگ کے اشتراک سے ’’پاکستان-چین مثالی دوستانہ تعلقات، خطاطی کے آئینے میں‘‘ کے عنوان سے ادارہ فروغ قومی زبان اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اورنگزیب خان کھچّی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ اس طرح کی تقاریب اور نمائشیں عوامی و ثقافتی سطح پر تعلقات کو مزید فروغ دینے میں سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہیں، چین اور پاکستان کی دوستی ہر میدان میں مثالی ہے۔
اس موقع پر ڈین انسٹی ٹیوٹ فار کمیونٹی ود شیئرڈ فیوچر، کمیونیکیشن یونیورسٹی آف چائنا بیجنگ پروفیسر ڈاکٹر لی ہائولیی اینگ نے خصوصی ویڈیو پیغام کے ذریعے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی خطے اور دنیا کے لیے ایک روشن مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ خطاطی محض ایک فن نہیں بلکہ یہ دلوں کو جوڑنے اور تہذیبی رشتوں کو مستحکم کرنے کا ذریعہ ہے، چینی یونیورسٹیاں پاکستانی تعلیمی اداروں کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لئے پرعزم ہیں۔