سیلابی صورتحال: احسن اقبال کی عوام سے چوکس رہنے، غیر ضروری خطرہ مول نہ لینے کی اپیل

Published On 27 August,2025 05:28 am

نارووال: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ میری تمام عوام سے اپیل ہے کہ وہ چوکس رہیں، غیر ضروری خطرہ مول نہ لیں۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے سوشل میڈیا پر بیان میں کہا کہ ضلع نارووال اس وقت شدید سیلابی صورتحال سے دوچار ہے، کوٹ نیناں کے مقام پر دریائے راوی میں سوا دو لاکھ کیوسک پانی کے اخراج نے وسیع علاقے کو زیرِ آب کر دیا ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ نالہ ڈیک میں بھی شدید طغیانی جاری ہے، ضلعی انتظامیہ امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے، تاہم سیلاب کی سنگینی کے پیش نظر پاک فوج سے بھی معاونت طلب کر لی گئی ہے۔

وفاقی وزیر نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اپنی حفاظت کو یقینی بنائیں، میں خود بھی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے نارووال آ رہا ہوں، اللہ تعالیٰ ہم سب کو اپنی حفظ و امان میں رکھے، آمین۔