لاہور: (دنیا نیوز) ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ کسی بھی دریا کا پانی باہر نہیں گیا، اس وقت تمام محکمے الرٹ ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ مون سون کے آٹھویں سپیل نے پنجاب کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، راوی اور ستلج میں اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے۔
عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ جسر کے مقام پر پانی کا بہاؤ بڑھ رہا ہے، بستر اور بئی کا پانی بھی دریائے راوی میں ملے گا، دریائے راوی میں ایک لاکھ پچیس ہزار کیوسک کا ریلا آج رات پہنچے گا۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ دریائے راوی سے اڈھائی لاکھ کیوسک پانی کا ریلا گزر سکتا ہے، اگلے دو سے چار دن بہت اہم ہیں، وقت کے ساتھ ساتھ لوگوں نے فصلیں دریا کے اندر لگا لی ہیں۔