لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے انفارمیشن سکیورٹی مینجمنٹ سسٹم کے لیے ISO 27001 سرٹیفکیشن حاصل کر لی ہے جس کے ساتھ ہی پاکستان کا پہلا اور واحد پولیسنگ ادارہ بن گیا ہے جسے یہ عالمی معیار حاصل ہوا ہے۔
یہ سنگِ میل پنجاب کو محفوظ سمارٹ سٹی گورننس کے میدان میں نمایاں مقام پر لے آیا ہے۔
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی ہمیشہ سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد میں اہم کردار ادا کرتی آئی ہے، چاہے وہ جرائم کی روک تھام ہو یا خطرناک ملزمان کا سراغ لگانا ہو۔
یہ ادارہ نہ صرف جرائم پر قابو پانے میں معاون ہے بلکہ ٹریفک قوانین کی بہتری میں بھی کردار ادا کر رہا ہے، جہاں یہ ٹریفک پولیس کی مدد سے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سزا دینے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
سیف سٹیز اتھارٹی نے حال ہی میں ایک نیا آن لائن فیچر متعارف کروایا ہے جو غلط ای چالان درست کروانے کے عمل کو آسان بناتا ہے، جن شہریوں کو غلط ای چالان موصول ہوتے ہیں، وہ اتھارٹی کی ویب سائٹ پر شکایت درج کر سکتے ہیں، جہاں چالان پر نظرثانی ہوتی ہے۔
اس نئے فیچر کے ذریعے صارفین اپنے چالان دیکھ سکتے ہیں، نظرثانی کی درخواست جمع کرا سکتے ہیں اور اپنی شکایت کے حق میں تصاویر یا شواہد بھی اپلوڈ کر سکتے ہیں۔
درخواست جمع ہونے کے بعد پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی ٹیم متعلقہ معلومات کی موقع پر تصدیق کرے گی اور اگر غلطی ثابت ہو جائے تو چالان منسوخ کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا مانیٹرنگ سسٹم ضلعی پولیس کو مجرموں کی نگرانی، ٹریفک کنٹرول اور ایمرجنسی رسپانس میں مدد فراہم کر رہا ہے، ایک کنٹرول روم ضلعی پولیس دفتر کے ساتھ قائم کیا گیا ہے، جہاں اہلکار 24 گھنٹے CCTV فیڈز کی نگرانی کرتے ہیں، یہ ویڈیوز فوری طور پر متعلقہ تھانوں کو بھیجی جاتی ہیں تاکہ فوری کارروائی کی جا سکے۔
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں کی ویڈیو شواہد نے عدالتی مقدمات میں بھی استغاثہ کو مضبوط بنایا ہے، تمام تھانہ انچارجز کو سمارٹ موبائل فونز دیے گئے ہیں تاکہ وہ ریئل ٹائم الرٹس حاصل کر سکیں اور دوسرے تھانوں کے ساتھ رابطہ بہتر بنا سکیں۔