اسلام آباد ہائیکورٹ: موسم گرما کی تعطیلات ختم، معمول کی عدالتی کارروائی بحال

Published On 01 September,2025 09:29 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ میں دو ماہ کے بعد موسمِ گرما کی عدالتی تعطیلات ختم ہو گئیں اور معمول کی عدالتی کارروائی کا آغاز ہو گیا۔

عدالت کے تمام ججز چھٹیوں سے واپس آ گئے ہیں اور آج سے مختلف مقدمات کی سماعت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق جسٹس بابر ستار اور جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان پر مشتمل ڈویژن بنچ کی کاز لسٹ آویزاں کر دی گئی ہے، دونوں ججز کے سنگل بنچز ختم کر دیئے گئے ہیں اور ان کی جگہ ٹیکس ریفرنسز کی سماعت کے لیے خصوصی ڈویژن بنچ تشکیل دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں یکم جولائی سے 31 اگست تک دو ماہ کی عدالتی تعطیلات رہی تھیں اس دوران صرف ہنگامی نوعیت کے کیسز کی ہی سماعت کی گئی۔