کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان ریلویز اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے مابین کینٹ سٹیشن اور سٹی سٹیشن کی صفائی کے حوالے سے معاہدہ پر دستخط کی تقریب ہوئی۔
تقریب میں وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی اور وزیر بلدیات سندھ سعید غنی بھی موجود تھے، ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور ڈی ایس ریلوے کراچی نے معاہدہ پر دستخط کئے۔
سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کینٹ سٹیشن اور سٹی سٹیشن کے اطراف جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے صفائی کرے گی۔
حنیف عباسی نے کہا کہ کراچی اس ملک کا معاشی حب ہے یہاں ریلوے کے نظام کو مزید بہتر سے بہتر بنایا جائے، کینٹ سٹیشن پر مسافروں کیلئے ویٹنگ ہالز میں تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ کینٹ اور سٹی سٹیشن پر بھی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے اشتراک سے جدید صفائی کے نظام کو متعارف کروانے جا رہے ہیں۔
وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ پاکستان ریلویز کی خدمات بہتر ہونے سے پورے ملک کے عوام کو سہولیات میسر ہوں یہ ہماری بھی کوشش ہے، اس وقت پاکستان ریلویزمیں جو اصلاحات کی جا رہی ہیں ہم اس پر بھرپورساتھ دینے کو تیار ہیں۔
سعید غنی نے کہا کہ سندھ حکومت بھی چاہتی ہے اس صوبے کے کروڑوں عوام کو اچھی، سستی اور بہتر سفری سہولیات فراہم ہوسکیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کراچی کے دونوں ریلوے سٹیشنز پر صفائی ستھرائی کے بہتر انتظامات کو ہرصورت یقینی بنائے گا۔