پاکستان فلسطین کا سچا ساتھی، اپنی سرزمین سے دستبردار نہیں ہونگے: ڈاکٹر محمود الہباش

Published On 06 September,2025 06:34 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فلسطینی صدر کے مشیر اور فلسطین کے سپریم جج ڈاکٹر محمود الہباش نے کہا کہ پاکستان فلسطین کا سچا اور پائیدار ساتھی ہے، ہم اپنی سرزمین سے کبھی دستبردار نہیں ہوں گے۔

امام مسجد اقصیٰ اور امام مسجد ابراہیم خلیل کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمود الہباش نے کہا کہ دورہ پاکستان ایک تاریخی اہمیت کا حامل ہے، اس دورے کے دوران دونوں ممالک کے مابین تعلقات میں مزید مضبوطی دیکھنے کو ملی ہے اور اس کے دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔

ڈاکٹر محمود الہباش نے کہا کہ انہوں نے فلسطینی صدر کے خطوط پاکستان کے صدر اور وزیر اعظم تک پہنچا دیئے ہیں، وزیر اعظم، وزیر خارجہ، سپیکر قومی اسمبلی اور دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتوں کے دوران فلسطین کے موجودہ حالات اور اسرائیلی جارحیت کی سنگینی سے آگاہ کیا گیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ صہیونی قوتیں فلسطینی زمین پر مکمل قبضہ کرنا چاہتی ہیں، اب تک 80 فیصد سے زائد مساجد، گرجا گھر اور دیگر عبادت گاہیں تباہ کی جا چکی ہیں جبکہ لاکھوں فلسطینی گھروں سے محروم کر دیئے گئے ہیں۔

ڈاکٹر محمود الہباش کا کہنا تھا کہ ان تمام تر مظالم کے باوجود فلسطینی قوم اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے اور کسی صورت اپنی سرزمین سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔

انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان جیسے عظیم اور برادر ملک کو اپنا پیغام دینے آئے ہیں کہ فلسطینی عوام تنہا نہیں اور انہیں اپنے دوستوں کی حمایت حاصل ہے، انہوں نے پاکستانی میڈیا سے اپیل کی کہ وہ فلسطین کے کاز کو اجاگر کرنے میں مددگار بنے۔

ڈاکٹر محمود الہباش نے مسلم دنیا سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اگر دنیا کے دو ارب مسلمان صرف ایک ایک ڈالر کا عطیہ دیں تو دو ارب ڈالر جمع ہو سکتے ہیں جو کہ فلسطینی بچوں کے لیے غذا، تعلیم اور طبی امداد کے لیے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان یہ امداد ایک سرکاری چینل کے ذریعے فلسطین تک پہنچائے۔

ڈاکٹر محمود الہباش نے پاکستانی عوام اور تمام مذہبی جماعتوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی و مذہبی اختلافات کے باوجود تمام جماعتیں فلسطین کے معاملے پر یک زبان اور متحد ہیں۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ امریکہ نے فلسطین کو دو ریاستی حل سے متعلق کانفرنس میں شرکت سے روک دیا ہے لیکن فلسطینی قوم کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا، وہ بلند رہے گی اور کبھی مرے گی نہیں۔

آخر میں ڈاکٹر محمود الہباش نے پاکستان کے صدر، وزیر اعظم، اور آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا کہ پاکستان کے فلسطین کے متعلق مؤقف میں آج تک کوئی تبدیلی نہیں آئی، فلسطینی قوم بھی پُرعزم ہے اور بہت جلد اپنے مقصد میں کامیاب ہوگی۔