منی لانڈرنگ کیس: چوہدری پرویز الٰہی سمیت دیگر کیخلاف کیس کی سماعت 27 ستمبر تک ملتوی

Published On 09 September,2025 09:14 pm

لاہور: (محمد اشفاق) سپیشل سنٹرل عدالت نے چوہدری پرویز الہی سمیت دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمے پر کاروائی 27ستمبر تک ملتوی کرتے ہوئے پراسکیوٹر کو بریت کی درخواست پردلائل کے لیے طلب کرلیے۔

لاہور کی سپیشل سنٹرل عدالت نے چوہدری پرویز الہی سمیت دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ کے مقدمے کی سماعت کی عدالتی حکم پر پرویز الہی نے پیش ہوکر حاضری مکمل کروائی جس کے بعد عدالت نے پرویز الہی کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کردئیے۔

دوران سماعت پرویز الہی کے وکیل عامر سعید راں نے پرویز الہی کی بریت کی درخواست پر دلائل دیتے ہوئے موقف اختیار کیاکہ پرویز الہی کسی کمپنی کے شیئر ہولڈر نہیں تھے نا ہی کسی عہدے پر تھے، نیب کی طرح ملتا جلتا کیس ایف آئی اے نے بنایا، نیب کے ریفرنس سے پرویز الہی ڈسچارج ہوچکے ہیں۔

وکیل عامر سعید راں نے بتایا کہ پرویز الہی کے خلاف مقدمہ سیاسی بنیادوں پر قائم کیا گیا، پرویز الہی کے خلاف کسی قسم کے ثبوت موجود نہیں لہذا پرویز الہی کو بری کی جائے۔

عدالت نے دوران سماعت ایف آئی اے کے وکیل سے استفسار کیاکہ مقدمے کا چالان کیوں جمع نہیں کروایا گیا؟ ایف آئی اے کے وکیل نے بتایاکہ پرویز الہی کے مقدمے کی تفتیش کرنے والا تفتیشی افسر تبدیل ہوچکا ہے، ایک دو روز میں نیا تفتیشی افسر مقرر ہوگا لہذا چالان جمع کروانے کے لیے مہلت دی جائے۔

دوران سماعت پرویز الہی نے عدالت سے کہاکہ جج صاحب مجھے مستقل حاضری سے معافی دے دیں جس پر عدالت نے کہاکہ آپ کا وکیل مستقل حاضری معافی کی درخواست دائر کرے، مستقل حاضری معافی کی درخواست قانون کے مطابق دیکھ لیں گے، عدالت نے پراسکیوٹر کو27ستمبر کو دلائل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے چالان جمع کروانے کاحکم دیدیا۔

عدالتی سماعت کے بعد پرویز الہی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہ یہ سیلاب معمولی سیلاب نہیں ہے، اس میں بڑی تباہی ہوئی ہے، اس سیلاب میں فصلوں اور انسانی جانوں کو نقصان پہنچایا ہے یہ ہم سب نے پارٹی بازی سے بالاتر ہوکر کام کرنا ہے سیلاب پہلے بھی آئے ہیں مگر اس نوعیت کے نہیں تھے، عوام پہلے بھی باخبر تھی اب بھی اداروں کے ساتھ ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ سیلاب زدہ علاقوں میں خود بھی جارہا ہوں یہ ہمارا قومی فریضہ ہے ہم نے جنگ کی طرح اب کو اکٹھا ہونا چاہیے گجرات کے لیے ہم نے بہت کچھ کیا ہے جو اب آئے ہیں انہوں نے گجرات کو ڈوبا دیا ہے۔