جلاؤ گھیراؤ کیس: شاہ محمود قریشی کی عبوری ضمانت میں توسیع

Published On 19 September,2025 11:37 am

لاہور: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کی 9 مئی کے جلاؤ گھیراؤ کیس میں عبوری ضمانت میں توسیع کر دی گئی۔

انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں مسلم لیگ ن کا آفس جلانے، کلمہ چوک پر کنٹینر جلانے اور دیگر مقدمات میں پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے پانچ ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی جبکہ دو مقدمات کی سماعت ایڈمن جج منظر علی گل کی عدالت میں ہوئی۔

عدالت میں شاہ محمود قریشی کے جیل وارنٹ پیپرز پیش کیے گئے جس کے بعد عدالت نے ان کی عبوری ضمانت میں 31 اکتوبر تک توسیع کر دی، عدالت نے آئندہ سماعت پر وکلاء سے دلائل طلب کر لیے۔

جناح ہاؤس حملہ اور عسکری ٹاور حملہ کیس میں شاہ محمود قریشی کی عبوری ضمانتوں میں 6 اکتوبر تک توسیع دی گئی ہے، لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر شاہ محمود قریشی کی عبوری ضمانتیں بحال کی گئی تھیں۔