سیلاب کی دریائی پٹی میں تباہ کاریاں، رابطے منقطع، فصلیں تباہ، دیہات کو شدید خطرات

Published On 20 September,2025 07:18 am

بہاولنگر: (دنیا نیوز) دریائے ستلج میں بہاولنگر کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب آگیا، فصلیں تباہ ہو گئیں، زمینی رابطے منقطع ہو گئے۔

دریائی بیلٹ میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری رہیں، موضع کوٹ لنگاہ، توگیرہ اور دیگر علاقوں کے رابطے منقطع ہوگئے، دریائے سندھ میں کنڈیارو کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب آگیا، کچے کے قدیمی گاؤں بکھری کو بچانے کیلئے بنایا گیا بند توڑ دیا گیا۔

کچے کے علاقوں میں تل، کپاس اور جوار کی فصلیں تباہ ہوگئیں، 50 سے زائد دیہات ڈوبنے کا خدشہ پیدا ہوگیا، گڈو بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، پانی کی آمد 4 لاکھ 26 ہزار 847 کیوسک ریکارڈ کی گئی، دریائے سندھ میں کوٹری بیراج کے مقام پر پانی کی آمد میں مزید اضافہ ہوگیا۔

بیراج پر درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار رہی، گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران 9 ہزار کیوسک کا اضافہ ہوا، سکھر بیراج پر پانی کے بہاؤ میں 62 ہزار کیوسک کمی آگئی، سیلاب سے شجاع آباد کی بستی ماڑا میں خوفناک تباہی ہوئی، متاثرین تاحال گھروں میں آباد نہیں ہو سکے۔

علی پور میں 7 متاثرین سیلابی پانی میں ڈوب کر دم توڑ گئے، موضع پکا نائچ میں سیلابی پانی سے بھرے گڑھے میں ڈوب کر 3 افراد چل بسے، بستی کارچ کے 3 رہائشی راشن لیکر واپسی پر ریلے کی نذر ہوگئے۔