لاہور: (دنیا نیوز) جعفر ایکسپریس حملے کا ماسٹر مائنڈ فتنہ الہندوستان کا دہشت گرد گل رحمان عرف استاد مرید افغانستان میں پراسرار طور پر ہلاک ہو گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ گل رحمان عرف استاد مرید جعفر ایکسپریس حملے کا ماسٹر مائنڈ تھا، دہشت گرد گل رحمان فتنہ الہندوستان مجید بریگیڈ کا ٹرینر اور آپریشن کمانڈر تھا، بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا کے مطابق وہ افغانستان کے صوبے ہلمند میں17 ستمبر 2025 کو ہلاک ہوا۔
یہ بھی بتایا گیا کہ دہشت گرد گل رحمان پاکستانی سکیورٹی فورسز، چینی شہریوں، معصوم شہریوں اور مختلف اداروں پر حملوں میں ملوث تھا، فتنہ الہندوستان نے پاکستان کے نہتے معصوم شہریوں، سکیورٹی فورسز اور سی پیک منصوبوں کو نشانہ بنایا۔
ذرائع کے مطابق فتنہ الہندوستان نے جعفر ایکسپریس، کراچی میں چینی قونصلیٹ اور گوادر پی سی ہوٹل میں دہشت گردانہ کاروائیاں کیں، فتنہ الہندوستان نے خضدار سکول بس دھماکہ، کراچی میں کنفیوشس انسٹیٹیوٹ خود کش دھماکہ، پاکستان سٹاک ایکسچینج حملہ اور کوئٹہ ریلوے اسٹیشن میں دہشتگردانہ کاروائیاں کیں۔
واضح رہے کہ امریکہ فتنہ الہندوستان کے مجید برگیڈ کو عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دے چکا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پاکستان اور چین نے فتنہ الہندوستان کے مجید بریگیڈ کو اقوام متحدہ کی دہشت گرد فہرست میں ڈالنے کا مطالبہ کیا ہے، فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد کی ہلاکت اس بات کا ثبوت ہے کہ افغان سرزمین پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔