لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ کی جانب سے سکھ یاتریوں کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔
برطانیہ سے آئے 75 سکھ یاتریوں اور ممبرز پی ایس جی پی سی نے شرکت کی، اعزازی قونصل جنرل سری لنکا، ازبکستان اور پرتگال سمیت ریورنڈ ڈاکٹر مجید ایبل، سول سوسائٹی اور سماجی رہنما بھی شریک ہوئے۔
اس موقع پر رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین سکھ برادری کے لیے مقدس ہے، سکھ یاتری ہمارے بھائی ہیں، ان کی خدمت ہمارا فرض ہے۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت اور عوام نے ہمیشہ مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیا ہے، پاکستان تمام مذاہب کے ساتھ بھائی چارے کے تعلقات کو مضبوط بناتا رہے گا۔
رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ وزیرِاعظم اور وزیرِاعلیٰ پنجاب کی قیادت میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے اقدامات جاری ہیں، حکومت پاکستان مذہبی آزادی کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے سکھ یاتریوں کو پاکستان نہ آنے دینا تکلیف دہ ہے، پاکستان کے عوام سکھ یاتریوں کا بے صبری سے انتظار کرتی ہیں۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ دورہ پاکستان سے واپسی پر سکھ یاتریوں کو پیار و محبت کے ساتھ رخصت کیا جاتا ہے۔
عشائیے کے اختتام پر سکھ یاتریوں نے شاندار میزبانی پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا، سکھ یاتریوں نے حکومت پاکستان، PSGPC اور عوام کے جذبہ محبت کو سراہا۔