کوئٹہ: (عائشہ عمران) حکومت بلوچستان نے صوبے کی سرکاری جامعات کے ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کے لیے 80 کروڑ 19 لاکھ 54 ہزار 226 روپے کی رقم جاری کر دی۔
محکمہ خزانہ کے اعلامیے کے مطابق یہ گرانٹ پبلک سیکٹر یونیورسٹیز الاونس کے تحت فراہم کی گئی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جامعہ بلوچستان کے لیے 27 کروڑ 29 لاکھ 79 ہزار روپے، بیوٹمز کے لیے 17 کروڑ ایک لاکھ 99 ہزار روپے اور بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدار کے لیے 10 کروڑ 17 لاکھ روپے کی گرانٹ جاری کی گئی ہے۔
اسی طرح لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگری کلچر اینڈ میرین سائنسز کے لیے 7 کروڑ 88 لاکھ 21 ہزار 774 روپے، یونیورسٹی آف تربت کے لیے 4 کروڑ 10 لاکھ 98 ہزار 438 روپے اور یونیورسٹی آف لورالائی کے لیے 2 کروڑ 98 لاکھ 9 ہزار 978 روپے کی گرانٹ فراہم کی گئی ہے۔
مزید برآں میر چاکر رند یونیورسٹی سبی کو ایک کروڑ 37 لاکھ 2 ہزار 725 روپے، یونیورسٹی آف گوادر کو ایک کروڑ 23 لاکھ 91 ہزار 526 روپے، بولان یونیورسٹی آف ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل سائنسز کو ایک کروڑ 15 لاکھ 52 ہزار 378 روپے جبکہ یونیورسٹی آف مکران پنجگور کو 91 لاکھ 90 ہزار 62 روپے کی گرانٹ جاری کی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق یونیورسٹی آف بلوچستان کے خاران کیمپس کو بھی 34 لاکھ روپے کی خصوصی گرانٹ فراہم کی گئی ہے۔