مری: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ سیاست مشکل سفر اور کٹھن راستوں کا نام ہے، سیاست خدمت کا دوسرا نام ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مری میں پہلے نواز شریف کارڈیالوجی سنٹر کا افتتاح کر دیا، ساملی سنٹوریم ہسپتال مری میں نواز شریف کارڈیک سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ لاہور کے بعد مری ہمارا دوسرا گھر ہے، مری کے ساتھ رشتہ لفظوں میں بیان نہیں کر سکتی۔
انہوں نے کہا کہ مری سمیت اطراف کے علاقوں میں دل کے علاج کیلئے کوئی سہولت موجود نہیں تھی، دل کی تکلیف ہو جائے تو مریض کے پاس زیادہ وقت نہیں ہوتا، مری سے پنڈی پہنچتے پہنچتے مریض بھی دم توڑ دیتا ہے، اس لئے میں نے سوچا کہ یہاں دل کا ہسپتال ہونا چاہیے اور چند ماہ کے اندر اندر کارڈیک سینٹر نے کام شروع کر دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 1930 کے بعد پہلی مرتبہ ساملی سنٹوریم ہسپتال کی اَپ گریڈیشن کی گئی، اب مری کے عوام کو دل کے علاج کے لئے باہر نہیں جانا پڑے گا، ہم نے صرف اعلانات نہیں عملی اقدامات بھی کئے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ مری میں پانی کا مسئلہ حل کرنے کے لئے بہت بڑا پراجیکٹ لا رہے ہیں، پچھلے دور میں مری کو صرف جنگلات کاٹنے کیلئے استعمال کیا گیا، پی ٹی آئی کی حکومت نے مری کے جنگلات سے لکڑیاں کاٹ کر کنکریٹ کا شہر بنا دیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ بہت جلد مری سے پنڈی کے درمیان ٹرین چلائیں گے جس سے عوام کو سہولت حاصل ہوگی جبکہ جلد گرین بسیں بھی مری پہنچ جائیں گی۔
انہوں نے مری میں سیاحتی سرگرمیوں اور انفراسٹرکچر کی ترقی کیلئے حکومتی اقدامات کی تعریف کی اور کہا کہ مری اب دنیا کے بہترین سیاحتی مقامات میں شمار کیا جائے گا، مری کیلئے 15 نئی گرین بسیں فراہم کی جا رہی ہیں جو مری کے عوام کی سہولت کیلئے چلائی جائیں گی، ان بسوں میں خواتین کیلئے الگ حصے بھی ہوں گے اور سی سی ٹی وی کے ذریعے ان کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔
مریم نواز نے مری میں غیر قانونی تعمیرات کے بارے میں بھی سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ مری میں رشوت کے ذریعے غیرقانونی عمارتوں کی تعمیرات کی اجازت نہیں دی جائے گی، ہم مری کے حسن کو خراب کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات اٹھائیں گے۔