لاہور: (دنیا نیوز) رہنما مسلم لیگ ن خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ لاہورڈیویلپمنٹ پیکج انقلابی پروگرام ہے، لاہورمیں سیوریج لائن کے بڑے منصوبے پرکام جاری ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب صوبے کی ترقی کے لیے دن رات کوشاں ہیں، لاہورمیں ترقیاتی کاموں کا کریڈٹ(ن)لیگ کوجاتا ہے، تبدیلی والوں نے ایسی تبدیلی دکھائی سب کچھ الٹ پلٹ ہوگیا۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب ڈیویلپمنٹ فنڈزکا احسن طریقے سے استعمال کررہی ہیں، مریم نواز کے شکر گزار ہیں جنہوں نے دن رات پنجاب کی ترقی کےلئے وقف کیا ہے، پنجاب میں جہاں ضرورت ہے وہاں فنڈز کھل کر دئیے جا رہے ہیں،
انہوں نے کہا کہ چار ارب روپے کی لاگت سے ہربنس پورہ سے جوڑے پل تک ترقیاتی کام ہوئے، میاں میر ڈرین اسی طرح غائب ہوجائے گی جس طرح سمن آباد والا نالہ غائب کردیا تھا، ٹرنل بورنگ مشین پہلی بار سیوریج کےلیے استعمال کی جا رہی ہے، واسا کا میگا پروجیکٹ ہے، سات قومی اسمبلی کے حلقہ ہیں۔
میرے دور میں شاہدرہ سے رائے ونڈ تک چالیس کلومیٹر کا پارک بننا تھا، ریلوے وزیر اور وزیر اعلیٰ کو بھی درخواست کرتا ہوں کہ اس منصوبے کو دوبارہ شروع کردیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ آج چار ارب کی لاگت سے جس پراجیکٹ کا افتتاح کیا گیا ہے یہ نکتہ آغاز ہے، یہ بہت بڑا پراجیکٹ ہے، شاید یہ واسا کا اب تک کا سب سے بڑا پراجیکٹ ہو گا، سوچیں جن کے گھر کے آگے گندا نالہ ہے وہ گندا نالہ ختم ہو جاتا ہے اور وہ صاف پانی کی نہر میں بدل جاتا ہے تو سوچیں منظر کیا ہو گا۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ حکومت پنجاب کو گزارش کر چکا ہوں آج دوبارہ کرنا چاہ رہا ہوں کہ والٹن کو کلمہ چوک سے جوڑنے والے پل کو رائے احمد خان کھرل شہید کے نام پر رکھا جانا چاہئے، رائے احمد خان کھرل پنجابیوں کی مذاحمت کی علامت ہیں، جو کہتے ہیں کہ پنجابیوں نے کبھی مذاحمت نہیں کی انہیں پتہ ہونا چاہیئے کہ اس دھرتی نے رائے احمد خان کھرل جیسے سپوت پیدا کئے۔