لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، کراچی میں بھی بادل برس پڑے۔
صوبائی دارالحکومت میں مال روڈ، ایبٹ روڈ، گڑھی شاہو، ریلوے سٹیشن، لکشمی چوک، ڈیوس روڈ، کینال روڈ، جیل روڈ، ماڈل ٹاؤن، جوہرٹاؤن اور دیگرعلاقوں میں ابر رحمت برس پڑی، بارش کے بعد شہر کا موسم خوشگوار ہوگیا، ٹھنڈی ہوائیں چل پڑیں۔
پنجاب کے دیگر شہروں ملتان، فیصل آباد، خانیوال، وہاڑی، پیرمحل، بہاولپور اور دنیا پور میں بارش ہوئی، ساہیوال، پاکپتن، میاں چنوں میں بھی بادلوں کی گرج برس رہی، بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، کئی علاقوں میں فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی بند ہوگئی۔
دوسری جانب شہر قائد میں رات گئے کہیں تیز تو کہیں ہلکی بارش ہوئی، اورنگی ٹاون، نیوکراچی، منگھوپیر، بلدیہ، سرجانی میں بادل برس پڑے، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد اوربفرزون میں ہلکی بارش ہوئی، گلشن اقبال، گلستان جوہر اور اطراف کے علاقوں میں بوندا باندی ہوئی۔
بارش کے باعث کئی علاقوں میں فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں بھی موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کر دی ہے۔