وزیر اعلیٰ پنجاب کا مؤقف ہر پاکستانی کے دل کی آواز ہے: سینیٹر پرویز رشید

Published On 06 October,2025 05:06 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما سینیٹر پرویز رشید وزیر اعلیٰ پنجاب کی حمایت میں بول پڑے۔

پنجاب اور سندھ کی صوبائی حکومتوں کی چپقلش پر سینیٹر پرویز رشید نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اور سندھ کی صوبائی حکومتیں اپنی اپنی رائے کا اظہار کر رہی ہیں۔

سینیٹر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ پنجاب کی وزیر اعلیٰ اور حکومت کا مؤقف ہے کہ سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی آبادکاری اور بحالی اپنے وسائل سے کی جائے جبکہ پیپلز پارٹی کا مؤقف ہے کہ بحالی اور آبادکاری کے لئے عالمی اداروں سے رجوع کیا جائے۔

رہنما ن لیگ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا مؤقف ہر پاکستانی کے دل کی آوازہے، پنجاب حکومت کا مؤقف ہے کہ ہمیں کسی دوسرے ملک سے بھیک مانگنے کی ضرورت نہیں۔

سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اپنے وسائل سے سیلاب متاثرہ لوگوں کی بحالی کر کے دکھائی، ہم نے سیلاب کے بعد نہ صرف انسانوں بلکہ جانوروں کو بھی خوراک مہیا کی۔