آن لائن نوکریوں کے بہانے حساس معلومات حاصل کرنے کی بھارتی سازش بے نقاب

Published On 07 October,2025 10:24 am

اسلام آباد: (حریم جدون) قانون نافذ کرنے والے اداروں کو موصول ہونے والی اطلاعات میں آن لائن نوکریوں کے بہانے پاکستانی شہریوں سے ملک کے حساس تنصیبات اور ان کی لوکیشن کی معلومات حاصل کرنے کی بھارتی مبینہ سازش کا انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق سکیورٹی ایجنسیز نے اس سلسلے میں پی ٹی اے کو خط لکھ کر فوری اقدامات کی درخواست کی ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ جعلی بھارتی کمپنیوں اور ویب سائٹس نے پرکشش تنخواہ اور آن لائن جاب آفرز کے ذریعے لوگوں کو فریب میں مبتلا کیا اور ان کے پروفائلز، رابطہ معلومات اور بعض معاملات میں حساس مقامات کے بارے میں پوچھ گچھ کی گئی، مشتبہ ویب سائٹس میں لنکڈ ان، جاب گلف اور دیگر پلیٹ فارمز کا بھی تذکرہ آیا ہے جہاں سے صارفین کو ہدف بنایا جا رہا تھا۔

خط میں انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ متعلقہ مشکوک ویب سائٹس اور روابط کو فوری طور پر بلاک کیا جائے اور عوام میں ہنگامی آگاہی مہم چلائی جائے، اس پر پی ٹی اے نے بھی ملک گیر آگاہی سلسلہ شروع کر دیا ہے اور صارفین کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

پی ٹی اے کی ایڈوائزری میں شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ غیر معروف آفرز، مشکوک لنکس یا کمپنی پروفائلز کی صورت میں احتیاط اختیار کریں، نجی اور قومی حساس معلومات شیئر نہ کریں اور مشکوک مواقع کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ انتظامیہ کو دیں۔

سکیورٹی ذرائع نے کہا ہے کہ بعض بھارتی ایجنسیز سروے اور ریسرچ کے بہانے قومی منصوبوں، تنصیبات اور ان کے گردونواح کی تصویریں اور لوکیشنیں حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں جو قومی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔

حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ آن لائن جاب آفر قبول کرنے سے قبل کمپنی کی تصدیق کریں، کسی بھی غیر معمولی معلومات یا مقامات کے بارے میں پوچھ گچھ کی صورت میں متعلقہ اداروں سے رجوع کریں اور پی ٹی اے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بروقت مطلع کریں تاکہ تدارکی کارروائیاں کی جا سکیں۔