اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے متنازع ٹویٹ کیس میں ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ کو اگلی سماعت پر فرد جرم کا جواب دینے کی ہدایت کر دی۔
سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے متنازع ٹویٹ کیس پر سماعت کی، ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ عدالت میں پیش ہوئے، ایمان مزاری اور ہادی علی کی جانب سے وکلاء کی عدم دستیابی پر سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی گئی تاہم پراسیکیوشن نے سماعت ملتوی کرنے کی مخالفت کی۔
پراسیکیوٹر عثمان رانا نے کہا کہ یہ دونوں ملزمان کیس کو طول دینے کیلئے اس طرح کے حربے استعمال کر رہے ہیں، ملزمان کی جانب سے گزشتہ سماعت پر بھی عدالت سے ٹائم مانگا گیا تھا، عدالت استدعا مسترد کر کے کیس کا ٹرائل آگے بڑھائے۔
جج افضل مجوکہ نے ریمارکس دیئے کہ اگر اگلی سماعت پر ہادی علی چٹھہ کا وکیل نہیں ہوگا تو سرکاری وکیل مقرر کر دیا جائے گا۔
ہادی علی چٹھہ اور ایمان مزاری کی جانب سے فرد جرم پر آج بھی کوئی جواب نہ دیا گیا۔
عدالت نے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو اگلی سماعت پر فرد جرم کا جواب دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 11 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔
یاد رہے کہ ہادی علی چٹھہ اور ایمان مزاری کے خلاف این سی سی آئی اے نے مقدمہ درج کر رکھا ہے۔