کالعدم بی ایل اے کو بیرون ملک سے فنڈنگ ہوتی ہے: سرفراز بنگلزئی

Published On 09 October,2025 05:49 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) کالعدم تنظیم کے ہتھیار ڈالنے والے دہشت گرد سرفراز بنگلزئی نے کہا ہے کہ کالعدم بی ایل اے کو بیرون ملک سےفنڈنگ ہوتی ہے، دہشت گرد گروپ عوام کی ہمدردیوں کے لیے کہانیوں کو بڑھا چڑھا کر پیش کرتے ہیں۔

کالعدم تنظیم کے ہتھیار ڈالنے والے دہشت گرد سرفراز بنگلزئی نے کہا ہے کہ جھوٹ کا سہارا لے کر عوام کو گمراہ کیا جاتا ہے، دہشت گرد عناصر نوجوانوں کی ذہن سازی کرتے ہیں، بیرونی ممالک کی ایجنسیاں دہشت گردوں کو سپورٹ فراہم کرتی ہیں۔

سرفراز بنگلزئی کا کہنا تھا کہ ملک دشمن عناصرکے پروپیگنڈا میں آکر میں نے اپنے بچے اور ساتھی کھوئے ہیں، دہشت گرد گروپوں کے ساتھی افغانستان میں روپوش ہیں، دہشت گرد عناصر قوم پرستی کا نعرہ لگا کر صوبے کے عوام کو گمراہ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی ذہن سازی کر کے کیمپوں میں منتقل کر کے ٹریننگ دی جاتی ہے، دہشت گرد عناصر نوجوانوں کو بہکاوے کے ذریعے اپنی صفوں میں شامل کرتے ہیں، والدین اپنے بچوں کو دہشت گرد عناصر سے دور رکھنے کے لیے ان پر کڑی نظر رکھیں۔

سرفراز بنگلزئی نے کہا کہ جذبات میں آکر نام نہاد تحریک کا حصہ بننے والے بعد میں پچھتاتے ہیں، کالعدم بی ایل اے کے لوگوں کی ماہرنگ بلوچ کے ساتھ تصویریں سامنے آچکی ہیں، کالعدم تنظیمیں لوگوں کو مار کر الزام ریاست پر لگاتی ہیں۔

کالعدم تنظیم کے ہتھیار ڈالنے والے دہشت گرد کا کہنا تھا کہ لیویزکے لاپتا اہلکاروں کے لیے بلوچ تنظیمیں آواز کیوں نہیں اٹھاتیں؟ لاپتا افراد میں بہت سے افراد سکیورٹی فورسز کے ساتھ کارروائیوں میں مارے گئے۔

سرفرازبنگلزئی نے کہا کہ قبائلی سردار عوام پر حقیقت عیاں کرنے کے لیے زیادہ بہتر کردار ادا کر سکتے ہیں، ماہرنگ بلوچ کا والد کالعدم بی ایل اے کا کمانڈر تھا۔