اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے درمیان ٹیلیفون پر رابطہ ہوا جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ ٹیلیفونک رابطے میں دونوں رہنماؤں نے نہ صرف سیاسی معاملات بلکہ خارجہ پالیسی اور حالیہ سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سرگرمیوں پر بھی گفتگو کی۔
یہ رابطہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب اتحادی جماعتوں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان حالیہ سیلابی صورتحال پر امدادی اقدامات کو لے کر بیانات کی جنگ شدت اختیار کر چکی ہے، دونوں پارٹیوں جانب سے ایک دوسرے پر تنقید روزانہ کی بنیاد پر پریس کانفرنسوں اور بیانات کے ذریعے کی جا رہی ہے۔
صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور صدرِ پاکستان آصف علی زرداری جیسے سینیئر رہنماؤں نے مداخلت کی ہے تاکہ تناؤ کو کم کیا جا سکے، صدر زرداری نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے بھی رابطہ کیا ہے اور معاملہ سلجھانے میں کردار ادا کرنے کی درخواست کی ہے۔