کراچی: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اسرائیل کی جانب سے گلوبل صمود فلوٹیلا سے حراست میں لئے گئے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان سمیت تمام افراد کی رہائی کا مطالبہ کر دیا۔
گلوبل صمود فلوٹیلا کو اسرائیل کی جانب سے روکے جانے پر ردعمل دیتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کھانا اور دوا کوئی خطرہ نہیں، اسرائیل نے گلوبل صمود فلوٹیلا کو روک کر ڈاکٹروں اور رضاکاروں کو حراست میں لے کر انسانیت پر کھلا حملہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے پاکستان کے سینیٹر مشتاق احمد خان کو حراست میں لے کر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے غزہ کیلئے انسانی راہداری اور فلسطین کے لئے انصاف کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ اسرائیلی فوج نے غزہ میں امدادی سامان لے جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا کے 450 کارکنوں کو گرفتار کر رکھا ہے، فلوٹیلا کے قافلے میں سابق سینیٹر مشتاق احمد ، سوئیڈش ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ اور نیلسن منڈیلا کے پوتے، نکوسی زویلیولیلی بھی سوار تھے۔