افغان مہاجرین کی باوقار وطن واپسی، حکومت پاکستان کی اولین ترجیح

Published On 11 October,2025 10:51 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومتِ پاکستان کی جانب سے افغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی کا عمل شفاف، منظم اور انسانی ہمدردی کے جذبے کے ساتھ جاری ہے۔

وفاقی و صوبائی حکومتوں کی ہم آہنگی اور ایف سی و سول انتظامیہ کی کوششوں سے مہاجرین کی وطن واپسی کو پروقار اور مؤثر بنایا جا رہا ہے۔

پاکستان میں 45 سال تک قیام کرنے والے افغان مہاجرین نے وطن واپسی پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے حکومتِ پاکستان، ایف سی اور اداروں کے کردار کو قابلِ ستائش قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وطن واپسی کے عمل میں کسی دباؤ کے بغیر اپنی مرضی سے شامل ہو رہے ہیں اور انہیں تمام سہولیات، خوراک اور سرحد تک سامان کی ترسیل میں مکمل تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔

افغان مہاجرین نے کہا کہ پاکستان میں انہیں ہمیشہ اپنائیت اور بھائی چارے کا احساس ملا، کبھی مہاجر نہیں سمجھا گیا، اب وہ بہترین یادوں کے ساتھ وطن واپس جا رہے ہیں۔

حکومتِ پاکستان نے واضح کیا ہے کہ افغان مہاجرین کی عزت دار، محفوظ اور باوقار وطن واپسی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس عمل میں ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔