امریکی ناظم‌الامور نتھالی بیکر کی دہشتگردی کیخلاف پاکستان کی قربانیوں کی تعریف

Published On 11 October,2025 10:00 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ سے امریکی ناظم‌الامور نتھالی بیکر نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، ڈیجیٹل میڈیا شراکت داری، دہشت گردی کے خلاف تعاون اور سیاحت کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

امریکی ناظم‌الامور نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت استحکام اور ترقی کی سمت بڑھ رہی ہے جبکہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے صفِ اول کے کردار کی تعریف کرتے ہیں۔

وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف بے شمار قربانیاں دی ہیں جو دنیا کے امن کے لیے سنگ میل ثابت ہوئیں۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ پاکستان قدرتی حسن، ثقافتی تنوع اور تاریخی ورثے سے مالا مال ملک ہے اور حکومت سیاحت کے فروغ کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے تاکہ معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو۔

عطا اللہ تارڑ نے بتایا کہ صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے قانون سازی جاری ہے جس پر امریکی ناظم‌الامور نے صحافیوں کے تحفظ کے اقدامات کو سراہا۔