پشاور:(دنیا نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا کے انتخاب کیلئے پی ٹی آئی قیادت عمران خان کے احکامات کی پابند ہے۔
خیبر پختونخوا کے دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہرکا کہنا تھاکہ امید ہے نئے وزیرِاعلیٰ کا انتخاب خوش اسلوبی سے ہوگا،ہماری اولین ترجیح ہوگی کہ معاملات ہموار طریقے سے حل ہو جائیں۔
اُنہوں نے کہا کہ اگر آئینی پیچیدگی آئی تو عدالت اسے حل کرے گی، بانی پی ٹی آئی نے جس کا انتخاب کیا وہی وزیرِاعلیٰ ہوگا،صوبائی قیادت اور ارکان سے مسلسل رابطے میں ہوں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ وزیرِاعلیٰ کے انتخاب سے متعلق آج بھی اجلاس ہوا، اجلاس میں آئندہ اسمبلی اجلاس کے لیے لائحہ عمل پر بات چیت کی گئی، پی ٹی آئی کی پوری قیادت بانی پی ٹی آئی کے احکامات کی پابند ہے، عمران خان نے جس کا انتخاب کیا وہی وزیرِاعلیٰ ہوگا۔