سوات: انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ میں لیویز اہلکار شہید، وزیراعظم کا اظہارِ افسوس

Published On 14 October,2025 01:41 pm

سوات: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کے ضلع سوات میں انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ سے ڈیوٹی پر تعینات لیویز اہلکار شہید ہوگیا جس پر وزیراعظم شہباز شریف نے اظہارِ افسوس کیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق سوات کے علاقے مٹہ کے دور افتادہ علاقے انظر تنگے، بیاکن میں انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس میں لیویز اہل کار عبدالکبیر نے جام شہادت نوش کیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سوات کے علاقے مٹہ میں انسداد پولیو ٹیم پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے لیویز اہلکار عبد الکبیر کی شہادت پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کی اہم عوامی خدمت کرنے والوں پر دہشتگرد حملہ ناقابلِ برداشت ہے، حکومت ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی جانب سے اس قسم کی مزاحمت کے باوجود انسداد پولیو مہم مکمل تحریک کے ساتھ جاری ہے اور پولیو کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے شہید اہل کار کو خراج عقیدت پیش کیا اور لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لیویز اہلکار عبدالکبیر نے فرض کی ادائیگی کے دوران شہادت کا بلند رتبہ پایا۔

ان کا کہنا تھا کہ بچوں کا مستقبل محفوظ بنانے والی ٹیم پر فائرنگ کرنے والے ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں۔