محسن نقوی سے علامہ اویس نورانی کی ملاقات، مدارس کو بند نہ کرنے پر اتفاق

Published On 17 October,2025 12:36 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے جمعیت علمائے پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ شاہ اویس نورانی نے ملاقات کی جس میں مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور قومی اتحاد پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ کسی بھی بے گناہ کے خلاف ہرگز کوئی کارروائی نہیں جائے گی اور بے گناہ کو رہا کیا جائے گا، کسی بھی مدرسے کو بند نہیں کیا جائے گا اور شرپسندوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی، ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے کی قطعاً اجازت نہیں دی جا سکتی، قائد اعظمؒ کے پاکستان میں شرپسند عناصر اور انتہاء پسندوں کی کوئی گنجائش نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بدامنی، انتشار اور انتہا پسندی پھیلانے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، مذہبی ہم آہنگی اور صبر و تحمل کے فروغ میں علمائے کرام کی قابل قدر خدمات ہیں، پائیدار امن اور رواداری کے فروغ کے لئے تمام طبقات کو بھر پور کردار ادا کرنا ہے، دینی تعلیم کا فروغ ہم سب کا مشترکہ فریضہ ہے۔

جمعیت علمائے پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ شاہ اویس نورانی کا کہنا تھا کہ ملک میں پائیدار امن، رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کے لئے ہر ممکن تعاون کریں گے۔