اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ سے پاکستان میں روس کے سفیر البرٹ پی خوروف کی ملاقات کی، دوطرفہ تعلقات، شمالی علاقہ جات کی قدرتی خوبصورتی، سیاحت کے فروغ اور میڈیا تعاون کے مختلف پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران اے پی پی اور سپوتنک نیوز ایجنسی کے درمیان مفاہمت کی یادداشت کے علاوہ پی ٹی وی ورلڈ اور رشین ٹی وی کے مابین تعاون کے معاہدے کو حتمی شکل دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر عوامی سطح کے تبادلہ پروگرام کے تحت ڈیجیٹل انفلوئنسرز اور نوجوانوں وفود کے تبادلوں سے متعلق تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔
روسی سفیر نے کہا کہ پاکستان میں شمالی علاقہ جات کی سیاحتی صلاحیت دنیا بھر کے سیاحوں کے لئے پرکشش ہے، روسی سیاح پاکستان کے سیاحتی علاقوں میں خاص دلچسپی رکھتے ہیں، پاکستان اور روس کے تعلقات کو نئی جہتوں سے استوار کرتے ہوئے عملی شراکت داری میں تبدیل کیا جائے گا۔
ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے میڈیا، ثقافت اور سیاحت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔