حکومتی اقدامات، عوامی تعاون سےلاہور کا اے کیو آئی کنٹرول کیا: مریم اورنگزیب

Published On 19 October,2025 05:37 pm

لاہور:(دنیا نیوز) سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے مسلسل اقدامات اور عوامی تعاون سے لاہور کے اے کیو آئی کو کنٹرول کیا۔

صوبائی دارالحکومت سے جاری اپنےایک بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پنجاب حکومت کے نو ڈیپارٹمنٹس کا سموگ کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ سموگ اور فضائی آلودگی کے خلاف پنجاب حکومت نے مسلسل اقدامات اور عوامی تعاون نے لاہور کے اے کیو آئی کو کنٹرول کیا، الحمدللہ۔

سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ انوائیرمنٹ پروٹیکشن فورس اور محکمہ متحرک ہے، تمام سیکٹورل سکاڈز فیلڈ میں موجود ہیں، ڈرونز کے ذریعے بھٹوں کی نگرانی اور لائیو رپورٹ جاری ہے،سموگ گنز اور ائیر کالٹی مونیٹرز فیلڈ میں موجود ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار ائیر کوالٹی انڈیکس کی فورکاسٹنگ کی مدد سے بروقت آپریشن اور آل آف گورنمنٹ حکمتِ عملی نے اے کیو آئی کے لیول کو فورکاسٹنگ کے مطابق کنٹرول کیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی، اینٹی سموگ مشینری، ڈیٹا کی بروقت فراہمی اور اداروں میں بہترین اشتراک عمل سے فضائی معیار آلودہ سے کنٹرولڈ سطح پر رہا ، وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی تمام اداروں کے افسران اور عملے کو شاباش دی۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ جدید موسمیاتی ڈیٹا سینٹر نے زیادہ آلودگی کی سطح پر آنے والے علاقوں کی پیشگی نشاندہی کی تھی ،موسمیاتی بہتری کی ٹیم نے سموگ کے ’ ہاٹ سپاٹس‘ میں سموگ گنز سے کارروائی کی، جس سے اے کیو آئی فورکاسٹنگ کے مطابق رہا۔

مریم اورنگریب کا کہنا تھا کہ کھلی جگہوں پر تعمیراتی مواد کا بروقت ڈھانپنا یقینی بنایا گیا،ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹرکوں اور مال بردار گاڑیوں اور ٹرالیوں کی نقل و حرکت پہ پاپندی لگائی گئی ،سیف سٹی کیمروں کے ذریعے ٹریفک کی مانٹیرنگ کی جا رہی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ واسا، ایل ڈی اے ، پی ایچ اے سی اینڈ ڈبلیو اور انتظامیہ نے کل رات سے چھڑکاؤ کا عمل شروع کیا، ‎فصل کی باقیات نہ جلا کر سموگ پر قابو پانے کا پنجاب بھر میں ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ کا گرینڈ آپریشن جاری ہے، ‎فصل کی باقیات نہ جلانے کی مہم میں کسانوں کی بھرپور شرکت کی۔

سینئر صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ‎محکمہ زراعت کے افسران اور عملے پر مشتمل ایک ہزار 354 افراد سے زائد فورس بھی فیلڈ میں متحرک ہے، عوام کا بھی ہیلتھ ایڈوائیزری کے مطابق تعاون کا شکریہ۔