کراچی: پولیس کی حراست میں بہاولپور کا نوجوان تشدد سے ہلاک، 7 اہلکار معطل

Published On 24 October,2025 08:57 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے سپیشل انوسٹی گیشن یونٹ کی حراست میں بہاولپور کا نوجوان عرفان تشدد سے دم توڑ گیا، متوفی کی لاش کوجناح ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

لواحقین نے بتایا کہ متوفی عرفان احمد پور شرقیہ بہاولپور سے کراچی گھومنے آیا تھا، عرفان اپنے دوستوں کے ہمراہ بدھ کی صبح ناشتہ کرنے عائشہ منزل گیا تھا ، عرفان اور اس کے دیگر تین دوستوں کو عائشہ منزل سے حراست میں لیا گیا۔

عرفان کےلواحقین نے بتایا کہ چاروں کے موبائل فون بند کردیے گئے تھے، مختلف مقامات پر ڈھونڈتے رہے، جمعرات کی شام کو عرفان کے چچا کو فون کرکے ایس آئی یو کے دفتر بلاکر عرفان کی موت کے بارے میں بتایا گیا۔

لواحقین نے بتایا کہ عرفان پہلی مرتبہ کراچی گھومنے پھرنے آیا تھا، عرفان ایس آئی یو پولیس کے تشدد سے ہلاک ہوا، وزیراعلیٰ اور آئی جی سندھ سے اپیل ہے کہ ہمیں انصاف فراہم کیا جائے۔

دوسری طرف ایس ایس پی ایس آئی یو امجد شیخ نے واقعہ میں ملوث 3 اے ایس آئی سمیت 7 اہل کار معطل کر دیئے۔

پولیس حکام نے کہا کہ معطل اہل کاروں سے تحقیقات کی جارہی ہیں، لاش کا مجسٹریٹ کی نگرانی میں پوسٹ مارٹم کروایا جائے گا جس کے بعد موت کی وجہ کا علم ہوسکے گا۔