لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نے پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیشن (ترمیمی) آرڈیننس 2025 منظوری دے دی۔
پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کا اجلاس چیئرمین کمیٹی عمران اکرم کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں اراکین شوکت راجہ، راشد منہاس، ذکیہ شاہنواز، عظمٰی بٹ اور امجد علی جاوید نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق ترمیمی آرڈیننس کے تحت پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیشن اتھارٹی (پیرا) کے بجٹ منظوری کے اختیارات ڈائریکٹر جنرل کو تفویض کر دیئے گئے ہیں، اس سے قبل بجٹ کی منظوری کے لیے حکومت سے اجازت لینا لازمی تھی۔
آرڈیننس میں سیکشن 71 اور سیکشن 81 میں ترامیم کی گئی ہیں جن کے تحت ڈائریکٹر جنرل کو بجٹ کی منظوری کے ساتھ ساتھ گائیڈ لائنز جاری کرنے کے اختیارات بھی حاصل ہوں گے۔
ترمیمی متن کے مطابق ان ترامیم کا مقصد افسران کے اختیارات کی وضاحت، ہم آہنگی اور عملدرآمد میں بہتری لانا ہے تاکہ صوبے میں قوانین کے مؤثر نفاذ کو یقینی بنایا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق گورنر پنجاب پہلے ہی آرڈیننس کی منظوری دے چکے ہیں جو 20 ستمبر 2025 سے نافذالعمل ہے، اب کمیٹی کی منظوری کے بعد آرڈیننس کو پنجاب اسمبلی میں قانونی تقاضے پورے کرنے کیلئے پیش کیا جائے گا۔



