کراچی: ڈمپر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار ایف آئی اے اہلکار جاں بحق

Published On 02 November,2025 10:57 am

کراچی: (دنیا نیوز) ثشہر قائد کے علاقے ملیر کینٹ کے قریب ڈمپر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار ایف آئی اے اہلکار جاں بحق ہوگیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق اہلکار ایئرپورٹ سے واپس گھر جا رہا تھا، موٹر سائیکل ڈمپر کے نیچے پھنس گئی، حادثے کے بعد ڈمپر ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا، ڈمپر ڈرائیور کا لائسنس 16 اکتوبر کو ایکسپائر ہو چکا ہے۔

دوسری جانب کراچی میں شارع فیصل بلوچ کالونی پل پر خوفناک حادثہ پیش آیا ہے، حادثے میں موٹرسائیکل اور کار سوار زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ کاروں کی ریس کے دوران پیش آیا، دو کار سوار ریس لگا رہے تھے، اس دوران ایک کار نے بے قابو ہو کر موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی، کار حادثے کا شکار ہو کر الٹ گئی جس میں موٹر سائیکل سوار اور کار سوار زخمی ہوئے، زخمیوں کو جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جائے وقوعہ پر شیشے، آئل اور دیگر چیزیں موجود ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کار کو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کر دیا گیا ہے، قرب و جوار سے سی سی ٹی وی حاصل کی جا رہی ہیں، واقعہ کے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔