اسلام آباد:(دنیا نیوز) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت پارلیمانی رہنماؤں کا اہم مشاورتی اجلاس 5 نومبر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کرلیا گیا۔
باوثوق ذرائع کے مطابق اِس اجلاس کا مقصد قومی اسمبلی کے اکیسویں اجلاس کے دوران ایوان کی کارروائی،ایجنڈے کی ترتیب، اجلاس کے دورانیے اور ایوان کے نظم و ضبط سے متعلق اُمور پر پارلیمانی رہنماؤں سے مشاورت کرنا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پارلیمانی روایات کے مطابق قومی اہمیت کے معاملات پر تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے ایوان کی کارروائی کو خوش اسلوبی سے آگے بڑھایا جائے گا، اِس موقع پر پارلیمانی رہنما ایوان میں زیر غور آنے والے اہم قومی، قانون سازی اور عوامی مفاد کے اُمور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
اجلاس میں ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ، وفاقی وزراء سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، رانا تنویر حسین، عطااللہ تارڑ، ڈاکٹر طارق فضل چودھری، خالد حسین مگسی کے علاوہ اراکین قومی اسمبلی شیخ آفتاب احمد، محترمہ نزہت صادق، اعجاز حسین جاکھرانی، سید نوید قمر شریک ہوں گے۔
دوسری جانب محترمہ شازیہ مری، محترمہ شہلا رضا، سید امین الحق، سید حفیظ الدین، اسد قیصر، گوہر علی خان، ملک محمد عامر ڈوگر، محمد ریاض فتیانہ، نور عالم خان، گل اصغر خان، محمد اعجاز الحق اور حسین الہٰی کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔
ترجمان قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق اجلاس میں تمام پارلیمانی جماعتوں کے رہنماؤں کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔



