بلوچستان میں ایک ماہ کیلئے دفعہ 144 نافذ، جلسے، جلوسوں پر پابندی

Published On 06 November,2025 08:02 pm

کوئٹہ :(دنیا نیوز) بلوچستان میں سکیورٹی خدشات کے یشِ نظر ایک ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی گئی۔

محکمہ داخلہ بلوچستان کے مطابق دفعہ 144 کے تحت صوبے بھر میں اجتماعات اور اسلحہ کی نمائش پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔

حکم نامے میں بتایا گیا کہ اِس کے تحت 5 یا اس سے زائد افراد کے اجتماع اور دھرنوں پر بھی پابندی ہوگی، خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی ۔

محکمہ داخلہ بلوچستان کا کہنا تھا پابندی امن وامان کی صورتحال کے باعث لگائی گئی ہے، حالات معمول پر آنے کے بعد دفعہ144 اُٹھا لی جائے گی۔

یاد رہے کہ حکومت پنجاب نے صوبے بھر میں جلسوں اور ریلیوں پر پابندی لگاتے ہوئے لاؤڈ سپیکر کا استعمال صرف اذان اور خطے تک محدود کرتے ہوئے دفعہ 144 کے نفاذ میں 7 روز کی توسیع کردی۔

واضح رہے محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب میں ہر قسم کے احتجاج، جلسے، جلوس، ریلیوں، دھرنوں، اجتماع اور ایسی تمام سرگرمیوں پر موجود پابندی میں ہفتہ 8 نومبر تک دفعہ 144 کے تحت توسیع کی گئی ہے۔

علاوہ ازیں ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ دفعہ 144 کے تحت 4 یا زیادہ افراد کے عوامی مقامات پر جمع ہونے پر مکمل پابندی ہوگی، علاوہ ازیں پنجاب بھر میں ہر قسم کے اسلحہ کی نمائش پر بھی مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔