وزیراعظم کی صدر آذربائیجان سے ملاقات، باہمی اُمور پر گفتگو سمیت یوم فتح پر مبارکباد دی

Published On 07 November,2025 09:22 pm

باکو:(دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے باکو میں ملاقات کی۔

صدارتی محل میں ہونے والی ملاقات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھی شرکت کی، شہباز شریف نے آذربائیجان کی حکومت اور عوام کو یوم فتح پر مبارکباد دی۔

اُنہوں نے یوم فتح کی تقریب میں شرکت کی دعوت پر آذربائیجان کے صدر کا شکریہ ادا کیا، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آذربائیجان کی فتح کشمیری اور فلسطینی عوام کیلئے اُمید کی کرن ہے۔

دورانِ ملاقات دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا اور مختلف شعبوں میں کثیر الجہتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق ہوا جب کہ شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی اور آرمینیا کے ساتھ تاریخی امن معاہدے پر اُن کے کردار کو سراہا۔

دوسری جانب آذربائیجان کے صدر نے دورہ پاکستان کی دعوت خوش دلی سے قبول کرلی، اُنہوں نے آذربائیجان کی مسلسل حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

علاوہ ازیں الہام علیوف نے جنوبی ایشیا میں علاقائی استحکام کو فروغ دینے میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔