27 ویں آئینی ترمیم: سابق لا کلرکس کا چیف جٹس کو خط، فل کورٹ بلانے کا مطالبہ

Published On 11 November,2025 12:43 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ستائیسویں آئینی ترمیم پر سابق لاکلرکس نے بھی چیف جسٹس کو خط لکھ دیا ۔

سابق لا کلرکس نے بھی مجوزہ ستائیسویں آئینی ترمیم پر فل کورٹ بلانے کا مطالبہ کر دیا، خط کے متن میں لکھا گیا کہ ہمیں سابق لا کلرکس کی حیثیت سے ادارے میں اپنا حصہ ڈالنے پر بے حد فخر ہے، 2009ء میں عدلیہ کی بحالی نے ہمیں جمہوریت کو محفوظ رکھنے اور آئین کو برقرار رکھنے کے لئے عدالت کے غیر متزلزل عزم پر اعتماد دلایا۔

خط میں لکھا گیا کہ عدلیہ کی آزادی کو اس وقت ایک ایسے خطرے کا سامنا ہے جو 2007ء میں درپیش خطرے سے کہیں زیادہ سنگین ہے، ستائیسویں آئینی ترمیم میں تبدیلیاں جو کی جارہی ہیں وہ سپریم کورٹ کے لئے حتمی موت کا اعلان ہیں۔

خط میں مزید لکھ گیا کہ وکلاء تحریک کے گواہ کی حیثیت سے آپ کو پتہ ہے کہ کس طرح آئینی جمہوریت پر عوام کا یقین ہمیشہ ان لوگوں کی طاقت کو شکست دیتا ہے۔