لاہور:(محمداشفاق) سی سی ڈی پولیس چوری و ڈکیتی کے دو ملزموں کی گرفتاری کے دوران 5سالہ بچی کو بھی ساتھ لے گئی۔
دادی 5سالہ پوتی کی بازیابی کے لیے لاہور ہائی کورٹ پہنچ گئی، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس اسجد جاوید گھرال نے کیس پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ سیدہ شاہدہ ارشد نے عدالت میں دلائل دیے۔
وکیل نے موقف اختیار کیا کہ سی سی ڈی نے چھاپے کے دوران مختلف الزامات میں دو سگے بھائیوں کو گھر سے گرفتار کیا تو ساتھ 5 سالہ بچی تحریم کو بھی لے گئے، ابھی تک گرفتار کیے جانے والے دونوں بھائیوں اور 5 سالہ بچی کا کچھ پتہ نہیں چل سکا، عدالت بازیابی کا حکم دے۔
دوران سماعت سرکاری وکیل نے کیس کے متعلق رپورٹ جمع کروائی اور سی سی ڈی نے 5سالہ تحریم کو جسٹس اسجد جاوید گھرال کی عدالت میں پیش کردیا۔
سرکاری وکیل نےبتایا کہ پولیس نے قاسم، فخر عباس کو 10 اکتوبر 2025 کو بچی سمیت گھر سےاٹھایا، 6 نومبر کو قاسم مقابلے میں ہلاک ہوگیا جبکہ فخر عباس کو زخمی حالت میں ہسپتال داخل کروایا گیا ہے ،عدالت نے زخمی فخر عباس کی حفاظت کو یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
عدالت نے بچی کو لواحقین کے حوالے کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔



