لاہور: (محمد اشفاق) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی ہدایت پر لاہور ہائی کورٹ کے ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم میں انقلابی تبدیلیاں لائی جارہی ہیں۔
چیف جسٹس عالیہ نیلم کی ہدایات پر لاہور ہائی کورٹ میں جدید ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم نافذ کردیا گیا ہے، لاہور ہائی کورٹ کے ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم کو بین الاقوامی معیار اور جدید تکنیکی بنیادوں کے ساتھ ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔
لاہور ہائی کورٹ کے ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم میں ایک جامع اور موثر اصلاحاتی نظام نافذ کیا گیا ہے، عدالت کے ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم کی اہمیت کے پیش نظر دو ایڈیشنل رجسٹرارز کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔
عدالتی ریکارڈ کی حفاظت، معیاری درجہ بندی، باقاعدہ نگہداشت اور شفاف و محفوظ نقل و حرکت کو یقینی بنایا جا رہا ہے جبکہ نئے نظام کے تحت ڈیجیٹل فائل ٹریکنگ سسٹم، کمپیوٹرائزڈ موومنٹ انڈیکس اور کاپی پٹیشن ٹریکنگ سسٹم متعارف کرایا گیا ہے۔
علاوہ ازیں کاپی برانچ کی کارکردگی بہتر بنا کر وکلا اور سائلین کو بروقت مصدقہ نقول کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے، فعال اور پرانی فائلوں کی سکیننگ اور ڈیجیٹل طور پر محفوظ بنانے کا عمل بھی جاری ہے، ریکارڈ رومز کی تنظیم نو، فائلوں کی درجہ بندی، فائل لیبلنگ سسٹم اور ماحول کی بہتری کے لیے انتظامی اصلاحات بھی متعارف کروائی گئی ہیں۔



