پاکستان سے افغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی کا سلسلہ جاری

Published On 13 November,2025 09:49 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان سے افغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی کا تیزی تیزی سے جاری ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز تقریباً 11 ہزار 600 افغان مہاجرین کو افغانستان واپس بھیج دیا ہے، اب تک 16 لاکھ 96 ہزار افغان مہاجرین وطن واپس جا چکے ہیں۔

پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ افغان مہاجرین کی واپسی کا عمل مکمل طور پر قانونی طریقہ کار کے تحت کیا جا رہا ہے، ہر شخص کے دستاویزات کی تصدیق کے بعد ہی انہیں سرحد عبور کرنے کی اجازت دی جاتی ہے، پاکستان نے اپنی قومی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے افغان مہاجرین کی واپسی کو ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔

افغانستان میں جاری جنگ اور خانہ جنگی کے سبب پاکستان نے گزشتہ 40 سالوں کے دوران لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کی اور ایک غیر معمولی مثال قائم کی، اس دوران افغان مہاجرین کو نہ صرف پناہ دی گئی بلکہ ان کیلئے رہائش اور کھانے کا انتظام بھی کیا گیا۔

پاکستانی حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ افغان مہاجرین کی واپسی کے اس عمل میں ایف سی اور سول انتظامیہ مکمل تعاون فراہم کر رہی ہے تاکہ افغانوں کی وطن واپسی ایک محفوظ اور باعزت طریقے سے ہو سکے، پاکستان میں اب بغیر پاسپورٹ اور ویزہ کے داخلہ ممکن نہیں ہوگا۔