عمران خان کی جی ایچ کیو حملہ کیس میں پیشی کیلئے ویڈیو لنک تیاری کا حکم

Published On 19 November,2025 11:04 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت نے عمران خان کی جی ایچ کیو حملہ کیس میں پیشی کے لیے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو ویڈیو لنک تیاری کا حکم دے دیا۔

جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ کے روبرو ہوئی تاہم آج بھی کیس کا ٹرائل نہیں ہو سکا جس کے بعد ملزمان شیخ رشید، سیمابیہ طاہر اور دیگر حاضری لگا کر واپس روانہ ہو گئے، آج کی سماعت میں ویڈیو لنک آن نہیں ہو سکا۔

دوران سماعت وکلائے صفائی کی جانب سے عمران خان سے فوری ملاقات کرانے کی درخواست دائر کی گئی، وکیل فیصل ملک نے مؤقف اختیار کیا کہ کلائنٹ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے کیس کے سلسلے میں مشاورت ضروری ہے۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ مقدمے کے گواہ کرکٹ سٹیڈیم ڈیوٹی پر ہیں جس پر عدالت نے گواہان کو طلب کرتے ہوئے سماعت 3 دسمبر تک ملتوی کردی۔

عدالت نے کہا ہے کہ آئندہ سماعت ویڈیو لنک واٹس ایپ کال پر ہو گی، عدالت نے سپرنٹنڈنٹ جیل اڈیالہ کو جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی پیشی کے لیے ویڈیو لنک تیاری کا حکم دے دیا۔