اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیس میں اہم پیشرفت، اسلام آباد ہائیکورٹ نے لارجر بنچ نے عافیہ صدیقی کیس میں عدالتی معاونت پر حکومت سے جواب داخل نہ کرنے کی وجوہات طلب کرلیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے لارجر بنچ نے عافیہ صدیقی کی بہن فوزیہ صدیقی کی درخواست پر سماعت کی۔
جسٹس ارباب محمد طاہر ، جسٹس خادم حسین سومرو بنچ میں شامل تھے، جسٹس محمد اعظم خان اور جسٹس راجہ انعام امین منہاس بھی بنچ کا حصہ تھے۔
عدالت نے حکم دیا کہ وفاقی حکومت تین دسمبر تک وجوہات جمع کروائے کہ عافیہ صدیقی کیس میں عدالتی معاونت کیوں نہیں کی گئی۔
درخواست گزار فوزیہ صدیقی اپنے وکیل عمران شفیق ایڈوکیٹ کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئیں، سابق سینیٹر مشتاق احمد بھی دوران سماعت کمرہ عدالت میں موجود رہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکومت سے عدالتی معاونت نہ کرنے کی وجوہات طلب کرتے ہوئے سماعت 3 دسمبر تک ملتوی کر دی۔



