اسلام آباد:(دنیا نیوز) ہری پور کے حلقے این اے 18 اور این اے 185 ڈی جی خان میں ضمنی الیکشن میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ کے دو رہنماؤں کے خلاف نوٹس لے لیا۔
ای سی پی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے امیدوار بابر نواز کے جلسے میں مرتضیٰ جاوید عباسی کے نامناسب الفاظ استعمال کرنے پر ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر اصغر خان نے نوٹس جاری کر دیا۔
مرتضیٰ جاوید کو کل دوپہر 2 بجے وضاحت کے لیے دفتر طلب کرلیا گیا اور مسلم لیگ ن کے امیدوار بابر نواز خان کو سہ پہر 4 بجے دفتر پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔
دوسری جانب صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے این اے 185 ڈی جی خان میں حذیفہ رحمان کی جلسے میں شرکت پر رپورٹ طلب کر لی، وزیرمملکت آج انتخابی امیدوار کے جلسے میں شریک ہوئے۔
علاوہ ازیں صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کو فوری کاروائی کی ہدایات جاری کیں، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر(ڈی ایم او) نے حذیفہ رحمان کو نوٹس جاری کر دیا، پہلے بھی ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کی ہدایات جاری کی گئی تھیں۔
ڈی ایم او کا مزید کہنا تھا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر حذیفہ رحمان سے کل وضاحت پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔



