فیلڈ مارشل سے سعودی چیف آف جنرل سٹاف کی ملاقات، باہمی اُمور پرتبادلہ خیال

Published On 24 November,2025 05:03 pm

راولپنڈی:(دنیا نیوز) جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں سعودی عرب کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل فیاض بن حمید الرویلی نے فیلڈ مارشل و چیف آف آرمی سٹاف سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا، خصوصاً پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ، اسٹریٹجک اور مضبوط عسکری تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ اس دوران دفاعی اشتراک، سکیورٹی تعاون اور انسداد دہشتگردی کے شعبوں میں مزید بہتری کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا گیا جو دونوں ممالک کے گہرے تعلقات کی بنیاد ہیں۔

معزز مہمان نے سعودی مسلح افواج کے ساتھ مختلف شعبوں میں پاکستان کے تعاون کو سراہا اور دوطرفہ مضبوط تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق  جی ایچ کیو پہنچنے پر جنرل فیاض بن حمید الرویلی نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پاک فوج کے ایک چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔