پاکستان اور انڈونیشین افواج کی مشترکہ مشق’ شاہین اسٹرائیک 2‘ اختتام پذیر

Published On 19 November,2025 06:55 pm

راولپنڈی:(دنیا نیوز) پاک فوج اور انڈونیشین فوج کی مشترکہ مشق’ شاہین اسٹرائیک 2‘ اختتام پذیر ہو گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق تمام تربیتی مقاصد کامیابی کے ساتھ حاصل کر لئے گئے،اختتامی تقریب میں پاکستان کی طرف سے جنرل افسرنے بطور مہمانِ خصوصی شرکت اور انڈونیشیا کی جانب سے سینئر عسکری حکام نے نمائندگی کی۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کی افواج کا پیشہ ورانہ مہارت اور عملی کارکردگی کے اعلیٰ معیار کا مظاہرہ کیا گیا، مشترکہ تربیت دہشت گردی کے خلاف آپریشنز میں استعمال ہونے والی مشقوں، طریقہ کار اور تکنیکوں کو بہتر بنانے کے لیے منعقد کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مشترکہ مشقوں میں خاص طور پر شہری علاقوں میں آپریشنز اور بم ساختہ دھماکہ خیز مواد کے خلاف اقدامات پر زور دیا گیا۔

دوسری جانب ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا تھا کہ شاہین سٹرائیک ٹو نے دونوں دوست ممالک کے درمیان طویل عرصے سے قائم عسکری تعلقات کو مزید مضبوط کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔